منتخب شاعری

مجاز

 مسئلہ یہ نہیں کہ

بال خشک ہیں یا بھیگے ہوئے

بریدہ ہیں یا لمبے

رخسار تمتما رہے ہیں یا نہیں

مسئلہ یہ ہے کہ تحریر نظر آ رہی ہے یا نہیں

اترے ہوئے کبوتر کو اڑانے سے پیشتر

اس کے پنجوں سے بندھا ہوا کا غذ کھول لینا

سر ما اتر چکا ہے اور خشک گوشت کا ذخیرہ کر لیا گیا ہے

تہہ خانے میں بند ہونے سے پیشتر

آخری مرتبہ راہ دیکھنا

اور اگر گھوڑا میرے بغیر واپس آجائے

تو خورجین اور زین اتار لینا

اور اگر برف سے اٹا ہوا کوئی مسافر

خالی بستی میں آواز لگائے

تو اُسے تہہ خانے میں پناہ دے دینا

آخر تم فرشتہ نہیں ہو

عورت ہو